29 جنوری 2013 - 20:30

ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خطرناک فرقہ ورانہ دہشتگردوں کی ازسرنو ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقلی فتنہ اور فساد کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

ابنا: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے بیان میں 8 خطرناک فرقہ وارانہ دہشت گردوں کی از سر نو ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقلی کو کسی بڑے فتنہ اور فساد کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو معطل حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سینکڑوں بے گناہ افرد کے قتل عام میں ملوث سزا یافتہ قیدیوں کو محرم الحرام کی آمد سے چند روز قبل ڈسٹرکٹ جیل سے کسی اور جگہ منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کا عملہ اور وہاں پر موجود دیگر قیدیوں نے سکھ کا سانس لیا تھا مگر ایک بار پھر ان دہشت گردوں کو رات کے وقت واپس ڈسٹرکٹ جیل لایاگیا ہے جس کی وجہ سے جیل عملہ اور جیل میں موجود تمام قیدیوں میں شدید بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سانحہ 10 جنوری کے شہداء کا کفن ابھی تک میلا بھی نہیں ہوا کہ نئی سازشوں کا آغاز کرکے کوئٹہ کے شہریوں کے درمیان بے چینی اور بے اطمینانی پیدا کی جارہی ہے؛ جیل میں فرقہ پرست دہشت گردوں کو حاصل مراعات اورموبائل فون کے ذریعے اپنے نیٹ ورک سے رابطوں کے ذریعے ایسے عناصر شہر میں کسی بڑے فساد کا باعث بن سکتے ہیں۔ بیان میں ایسے اقدامات کو تعجب انگیز قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کہ یوں لگتا ہے کہ خطرناک قیدیوں کی ڈسٹرکٹ جیل منتقلی کے پس پردہ بعض ایسی مؤثر قوتیں ہیں جو صوبے سے فرقہ واریت کا خاتمہ نہیں چاہتیں؛ ایسی ہی قوتوں نے صوبے میں ایسے مسائل کو ہوا دیکر عوام کے درمیان دوریاں پھیلانے کی غرض سے قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا جن مسائل کا عام شہریوں سے دور کا تعلق بھی نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ سزا یافتہ قیدیوں کا ڈسٹرکٹ جیل میں موجودگی کا کوئی جواز نہیں خطرناک سزا یافتہ قیدیوں کو عام جیلوں اور قیدیوں سے دور ایسی جگہ منتقلی ضروری ہے جہاں انہیں انکے وحشتناک جرائم کی سخت سزا مل سکے اور عوام ان کے شر سے محفوظ رہ سکیں۔ بیان میں اعلیٰ عدلیہ سے بھی صورتحال کا نوٹس لینے اور قانون کے مطابق قیدیوں کی منتقلی کے سلسلے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110